ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھیما-کوریگاؤں گرفتاری معاملہ میں بمبئی ہائی کورٹ نے پونے پولس کو لگائی پھٹکار

بھیما-کوریگاؤں گرفتاری معاملہ میں بمبئی ہائی کورٹ نے پونے پولس کو لگائی پھٹکار

Tue, 04 Sep 2018 11:23:10    S.O. News Service

ممبئی،4؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ایلگر پریشد معاملے میں بمبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر پولس کو زبردست ڈانٹ لگائی ہے۔ ہائی کورٹ نے مہاراشٹر پولس کی پریس کانفرنس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب معاملہ عدالت میں زیر غور ہے تو پریس کانفرنس کیوں منعقد کی گئی۔ اس درمیان عدالت نے معاملے کی سماعت کو 7 ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے کیونکہ عرضی کی کاپی سبھی فریق کے سپرد نہیں کیا گیا تھا۔

دراصل بمبئی ہائی کورٹ ایلگر پریشد معاملے پر سماعت کر رہی تھی اور اسی دوران اس نے پولس کی کارروائی کے طریقے پر حیرانی ظاہر کی۔ عدالت نے پولس کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ آخر پولس پریس کانفرنس کیسے کر سکتی ہے جب کہ معاملہ عدالت میں ہے۔

اس درمیان عرضی دہندہ کا کہنا ہے کہ پونے پولس جس طرح کا بیان دے رہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ پہلے ہی مان چکے ہیں کہ ورورا راؤ، سدھا بھاردواج اور تین دیگر لوگ جنھیں گرفتار کیا گیا تھا وہ قصوروار ہیں۔ ساتھ ہی عرضی دہندہ نے پولس پولس کے بیانات میں تضاد کی بات بھی کہی۔ انھوں نے کہا کہ سچ کو سامنے لانے کے لیے ضروری ہے کہ اس معاملے کی جانچ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کرے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قتل کی سازش اور بھیما-کوریگاؤں تشدد کے الزام میں گرفتار کیے گئے پانچ سماجی کارکنان و دیگر معروف شخصیتوں کے متعلق مہاراشٹر پولس کی جانب سے گزشتہ ہفتہ پریس کانفرنس کی گئی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں اے ڈی جی (پولس) پربیر سنگھ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان پانچوں لوگوں کے خلاف ضروری ثبوت موجود ہیں۔


Share: